پاکستان بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، ، قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا دیوالی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

104

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے اور پر امن بقائے باہمی کے ذریعے ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔

قائم مقام   چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہائوس میں اپنے چیمبر میں منعقدہ دیوالی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی جانب سے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سینیٹر دنیش کمار کو مبارکباد دینے کے لیے کیک کاٹنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر دنیش کمار، مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی سمیت مختلف جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹ کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے دیوالی کے موقع پر سینیٹر دنیش کمار کو مبارکباد دی۔

سینیٹر دنیش کمار نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان، پاکستان مسلم لیگ نون کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی اور دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور اپنی برادری کے ساتھ پیار اور محبت کے اس عظیم جذبے پر خوشی کا اظہار کیا۔