پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل اورفطری حسن سے مالا مال ہے ، کامیاب حکمت عملی سے سیاحت پاکستان کیلئے زرمبادلہ کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے، وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ

91
وصی شاہ

لندن۔7نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاحت اور امور نوجوانان کیلئے وزیراعظم پاکستان کے خصوصی مشیر وصی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل اورفطری حسن سے مالا مال ہے،کامیاب حکمت عملی سے سیاحت پاکستان کیلئے زرمبادلہ کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ترجمان وزارت سیاحت کے مطابق انہوں نے یہ بات لندن میں سیاحت کے سب سے بڑے عالمی میلے ورلڈ ٹورازم مارکیٹ کے آغازپر پاکستان پویلین کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ہمراہ تھے۔وصی شاہ کی قیادت میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن ،صوبائی محکمہ سیاحت، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شو میں شرکت کر رہے ہیں ۔اس موقع پر ٹریول مارٹ کے انتظامات کو سراہتے ہوئے وصی شاہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے سیاحتی مقامات سے متعلق نمائش جیسے شوز سے آنے والے دنوں میں مزید سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی، پاکستان کو قدرتی طور پر دنیا کے خوبصورت ترین مناظر اور ثقافتی تنوع سے نوازا گیا ہے جس سے پاکستان سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ پر یقین رکھتی ہے، اگر انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے اور دنیا میں اختیار کی جانے والی نتیجہ خیز کامیاب حکمت عملی کو اپنایا جائے تو سیاحت پاکستان کے لیے زرمبادلہ کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔، انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر اور نتیجہ خیز کامیاب حکمت عملی سے سیاحت پاکستان کے لئے زرمبادلہ کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔ وزیرسیاحت نے اس سلسلے میں شرکا سے تجاویز بھی حاصل کیں اور انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے سیاحت کی صنعت میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ورلڈ ٹریول مارٹ میں ملکی سیاحت کی بھرپور عکاسی کرتے ہوئے پاکستان پویلین نے بڑی تعداد میں سیاحوں، بین الاقوامی ٹریول کمپنیوں کے نمائندوں اور سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والوں کی توجہ حاصل کر رہی ہے ۔

ورلڈ ٹریول مارٹ میں پاکستان پویلین ان لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی تھا جو اس سے قبل سیاحت کے لیے پاکستان آچکے ہیں اور پاکستان کے دیگر سیاحتی مقامات دیکھنے کے لیے دوبارہ پاکستان آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ڈبلیو ٹی ایم لندن دنیا کے سب سے بڑے ٹریول شوز میں سے ایک ہے اور سیاحوں کو دنیا کے 5,000 سے زیادہ بڑے مقامات اور برانڈز سے متعارف کراتا ہے۔

وزیر مملکت برائے سیاحت نے لندن میں ورلڈ ٹریول مارٹ میں پاکستان کی شرکت کےلئے ٹورزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آ ف پاکستان کی معاونت پر پاکستان ہائی کمیشن کے کردار کو بھی سراہا۔ لندن ایکسل میں شروع ہونے والا ورلڈ ٹریول مارٹ 6 نومبر سے 8 نومبر 2023 تک جاری رہے گا۔