کراچی۔3فروری (اے پی پی):دسویں الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو (جی-2)چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان تائیکوانڈو ٹیم دبئی پہنچ گئی۔ ایونٹ متحدہ عرب امارات کی ریاست الفجیرہ میں 5سے 8فروری تک کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں قائداعظم انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر جمعہ کو پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے عہدیداران نے کھلاڑیوں کورخصت کیا۔
شیخ زیداسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے ایونٹ کیلئے قومی اسکواڈ میں سائوتھ ایشین گیمزکے گولڈمیڈلسٹ ہارون خان،شاہ زیب،حمزہ سعید، مظہرعباس، سنان اشفاق، ارباز خان جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں چوتھی کومبیکس ایشین تایکوانڈو چیمپیئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ نقش ہمدانی اور فاطمہ الزہرہ کے نام شامل ہیں۔ اشفاق احمد مینیجر، ماسٹر یوسف کرامی ہیڈ کوچ، شہزادہ محمد آصف کوچ اور فیصل بٹ بحیثیت ٹرینر ٹیم کاحصہ ہیں۔
قومی دستے میں شامل ہارون خان کاکہنا ہے کہ الفجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپیئن شپ کیلئے بھرپورتیاری کی ہے، انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے ہمارے کھیل میں نکھار اور تجربے میں اضافہ ہوگا، چیمپیئن شپ کے دوران دیگر ممالک کے اپنے ہم عصر کھلاڑیوں اور پروفیشنل کوچز سے تبادلہ خیال کرنے کا بھی موقع ملے گا جو مستقبل میں ہمارے لئے سودمندثابت ہوگا۔ حمزہ سعید نے کہا کہ کسی بھی فائٹ کو آسان نہیں لیں گے، صرف ملک کیلئے جیت کا جذبہ ساتھ لے کرجارہے ہیں اور قوم کو اچھا رزلٹ دیں گے۔
فیمیل تائیکوانڈوپلئیر نقش ہمدانی نے کہا کہ چیمپیئن شپ میں پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے کی ہرممکن کوشش کریں گے،میڈلزجیت کرقوم کوخوشخبری دیں گے۔ ہیڈ کوچ ماسٹر یوسف کرامی نے کہا کہ الفجیرہ اوپن کیلئے ہمارے کھلاڑی جسمانی اور دماغی طور پر مکمل فٹ ہیں اوروہ اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے وکٹری سٹینڈ تک پہنچنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ پاکستان تائیکوانڈوفیڈریشن کے صدو کرنل وسیم جنجوعہ اور سی ای اوعمرسعیدنے ایونٹس کی تیاریوں کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی ہیں۔