پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر میں برسراقتدار آکر 5سو ارب روپے کا بجٹ کا دے گی ،علی امین گنڈا پور

56

کوٹلی/ سہنسہ۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے آزادکشمیر خطے کو کھوکھلے نعروں اور دعوئوں کے سوا کچھ نہیں دیا، پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر میں برسراقتدار آکریہاں کے عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے 5سو ارب روپے کا بجٹ کا دے گی ،وزیراعظم عمران خان ایک نڈر اور خوددار قوم کے لیڈر ہیں ، انہوں نے امریکہ اور پوری دنیا کو آ گاہ کر دیا ہے کہ اب ڈومور نہیں چلے گا ،بھارتی سرکار کو بھی پیغام دیا ہے کہ 5اگست والے اقدامات جب تک واپس نہیں ہوں گے جب تک مذاکرات نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی /سہنسہ آزادکشمیرمیں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سہنسہ پہنچنے پر حلقے کے عوام نے وفاقی وزیر کا فقید المثال استقبال کیا، اور وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے لگائے ۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے اس موقع پر منعقدہ عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر سے پرانا رشتہ ہے میرے آبائواجداد نے بھی کشمیریوں کی آزادی کے لئے یہاں آکر لڑائی لڑی اور کشمیریوں کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہاکہ آج پاکستانی قوم کو وزیراعظم عمران خان کی شکل میں ایک خود دار لیڈر ملا ہے جس نے پوری دنیا کو بتا دیا ہے کہ وہ ایک خود دار قوم کا لیڈر ہے ، ماضی میں حکومتیں امریکہ کے آگے سرجھکائے رکھتی تھیں اور امریکہ ڈومور کی رٹ لگاتا تھا لیکن میرے قائد نے انہیں آگاہ کر دیا ہے کہ اب ڈومور نہیں ہو گا بلکہ نو مور ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ امت مسلمہ کی ترجمانی کرتے ہوئے اسلام وفوبیا اور ناموس رسالت کے معاملہ پر بھر پور آواز اٹھائی اور دنیا کو بتایا کہ جب آپ ایسا کرتے ہیں اس سے ہماری قوم اور امت کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کا لیڈر قوم کے ساتھ رہتا ہے جس کے دل میں قوم کا درد ہوتا ہے اور وزیراعظم عمران خان وہ قائد ہے جس نے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز پوری دنیا میں اٹھائی اور ان کی وکالت کی ۔ آج بھارت کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہاہے جس کا سہرا عمران خان کے سر جاتا ہے، ماضی میں کسی حکمران کو یہ جرات نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہو گی اور یہاں کے عوام کے دکھوں کا بھی مداوا ہو گا ۔

انہوں نے کہاکہ جو بھی وعدہ کروں گا اسے پورا کروں گا کیونکہ ہمارے قائد نے ہمیں سچ بولنا سکھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جو وعدے کئے وہ بھی پورے کر رہے ہیں اور پہلی مرتبہ ہم نے ہر نمائندے کو ایک ایک کروڑ روپے کا فنڈ دیا ہے ۔آزاد کشمیر کے لئے بھی 5سو ارب روپے کا بجٹ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ہوں یا بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا حصول انہیں اب دوسرے علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا بلکہ پارک ، سٹیڈیم ، ڈگری کالج ، ہسپتال جیسی سہولیات ہر علاقے میں فراہم کریں گے ۔پورے آزاد کشمیر کو معیاری روڈ انفراسٹرکچر کے ذریعے باہم منسلک کیا جائے گا جس سے لوگوں کو آمدورفت میں آسانی کے ساتھ ساتھ وقت کی بھی بچت ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ ماضی کے نمائندوں کی طرح کھوکھلے دعوے نہیں کریں گے بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں گے ۔اس موقع پر سہنسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قانون ساز اسمبلی چوہدری اخلاق بھی موجود تھے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو علاقے کے مسائل سے آگاہ بھی کیا اور حلقے کے عوام کو یقین دلایا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں اور وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں آزادکشمیر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور مقامی لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔