پاکستان تحریک انصاف متنازعہ بلدیاتی قانون کے خلاف ہر فورم پر احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔ خرم شیر زمان

68
پاکستان تحریک انصاف متنازعہ بلدیاتی قانون کے خلاف ہر فورم پر احتجاج ریکارڈ کروائے گی۔ خرم شیر زمان

کراچی۔14دسمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف متنازعہ بلدیاتی قانون کے خلاف ہر فورم پر احتجاج ریکارڈ کروائے گی، کراچی میں جتنے ڈپٹی کمشنر کے دفتر ہیں ان کے باہر ہم نے علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سندھ حکومت کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے تم لوگ اقلیت میں ہو، جو لاکھوں ووٹ لیکر آئے انہیں اقلیت کا طعنہ دیا جارہا ہے، بلاول زرداری اورسندھ کا وزیر اعلیٰ کہتا ہے کہ سندھ کو صحت کارڈ نہیں چاہیے،بلاول آپ کو تو ورثے میں جائیدادیں مل گئیں لیکن سندھ کی عوام کو صحت کارڈ چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ضلع کورنگی اور ضلع سائوتھ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ، اراکین سندھ اسمبلی راجہ اظہر، عدیل احمد،شہزاد قریشی، صدر ضلع کورنگی گوہر خٹک، صدر ضلع سائوتھ مراد شیخ سمیت دیگر موجود تھے۔

خرم شیر زمان نے مزیدکہا کہ شہر کراچی میں گزشتہ ادوارکے منصوبے وزیراعظم عمران خان بنا رہے ہیں،شہر کو فائر بریگیڈ وزیراعظم عمران خان نے دی،نالے وفاقی حکومت نے صاف کروائے،اگر سب کام وزیراعظم عمران خان نے ہی کرنے ہیں تو پھر پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کیا کررہی ہے؟

سندھ حکومت نے کے فور کے غلط ڈیزائن کی وجہ سے 13 ارب روپے ضائع کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ13 سال میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے عوام کو نہ تعلیم دی،نہ صحت دی،نہ پینے کا پانی دیا اور نہ ہی ٹرانسپورٹ دی۔ انہیں خوف یہ ہے کہ پنجاب نے پیپلز پارٹی کو مسترد کر دیا،سندھ میں بھی پیپلز پارٹی چند شہروں میں رہ گئی ہے۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ 19 دسمبر کو ہم نے پورے سندھ کو احتجاج کے لیے نکالنا ہے، احتجاج اب وہیں ہوگا جہاں یہ دو نمبر کالا قانون بنایا گیا ہے، چیف جسٹس سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ کے پاس وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پٹیشن دائر ہے،چیف جسٹس جلد اس درخواست کی سماعت کریں،وزیراعظم عمران خان خود پیش ہونگے۔