پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 7000 کلومیٹر سے زائد سڑکیں بنا رہی ہے، وفاقی وزیر مراد سعید کا ٹویٹ

61

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے تحت کل 7,889 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کر رہی ہے۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 2032 کلومیٹر سڑکوں پر تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، 1667 کلومیٹر سڑکیں زیر تعمیر ہیں جبکہ 2368 کلومیٹر سڑکیں منصوبہ بندی اور ڈیزائن کے مراحل میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور میں صرف 1306 کلومیٹر سڑکوں کی منصوبہ بندی کی۔ مراد سعید نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ، ڈیم، احساس پروگرام، ہاوسنگ سکیمیں اور کامیاب جوان پروگرام جیسے اقدامات بھی موجودہ حکومت نے شروع کئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے جب بھی ایسے اقدامات کا پوچھا جائے تو ان کا یہی جواب ہوتا ہے کہ ہم نے سڑکیں بنائیں، لیکن موجودہ حکومت نے ان سے زیادہ سڑکیں بھی بنائیں اور معیاری روڈ نیٹ ورک سابقہ حکومتوں کے مقابلہ میں کم لاگت اور شفاف طریقے سے تعمیر کر رہے ہیں۔