پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

41

اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ،پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کھوکھلے دعووں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے کئے جانے والے تمام اعلانات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ان کی قسمت میں رسوائی کے سوا کچھ نہیں، پی ٹی آئی کی قیادت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں اب حکومت کے خلاف کسی قسم کی کوئی تحریک چلانے کے قابل نہیں رہیں ، ان کے بیانیے کو عوام نے بری طرح مسترد کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں مہنگائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے بھرپور سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ بنیادی اشیائہ ضروریہ کی قیمتوں کی خود نگرانی کریں گے اور مصنوعی طریقے سے قیمتوں میں اضافہ کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ حکومت اپنے انتخابی منشور کے مطابق کرپٹ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کی مہم جاری رکھے گی تاکہ ملک کو بدعنوانی جیسی لعنت سے پاک کیا جائے۔