پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک و قوم کی بہتری کے لیے موثر و کارآمد پالیسیاں بنائے گی، قائد ایوان سید شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

86

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قوم سے حقائق چھپانے کی بجائے ملک کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی بہتری کے لیے موثر و کارآمد پالیسیاں بنائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے اس وقت موثروکارآمد پالیسیاں بنانے کا وقت ہے تاکہ ملک آگے بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غیر موثر پالیسیوں کی وجہ سے ملک بہت پیچھے رہ گیا ہے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بجلی کی پیداوار کی لاگت سے بھی کم ریٹس پر بجلی فروخت کی جس کی وجہ سے گردشی قرضہ 350 بلین تک پہنچ گیا ہے۔ قائد ایوان سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے نہ صرف اہم و موثر اقدامات اٹھائے ہیں بلکہ کرپشن کے خاتمے کویقینی بنانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ کرپشن کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔