پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

108

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے کہا ہے کہ گھوٹکی میں مندر کو سبوتاژ کیا گیا، گھوٹکی واقعہ پر بہت افسوس ہوا، ایک نابالغ بچے کے غیر مصدقہ بیان پر پوری ہندو کمیونٹی کے گھروں اور مندروں پر حملہ کیا گیا۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش کمار نے کہا کہ سندھ حکومت کی خاموشی شدت پسندوں کے حوصلے بلند کر رہی ہے، ہر پاکستانی شہری گھوٹکی میں خوف و ہراس کی شکار ہندو آبادی سے اظہار یکجہتی کرے، جب ہمارے مذہب، قانون اور انسانیت کی راہ دکھاتے ہیں تو وہاں بات ختم ہو جاتی ہے۔ رمیش کمار نے کہا کہ ہم کیوں ایسے کام کرتے ہیں کہ جو مذہب کے منافی ہیں، گھوٹکی میں جو واقعہ ہوا ہے اس کا جواب کون دے گا، گھوٹکی میں مندر کو سبوتاژ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، وزارت داخلہ اور وزارت انسانی حقوق کی ذمہ داری ہے، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مجھ سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، میں اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ رمیش کمار نے کہا کہ گھوٹکی واقعہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا ہے، گھوٹکی میں موجود ہندو برادری اس وقت خوف و ہراس کا شکار ہے، ہندو کمیونٹی کے گھروں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔