پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ کی اے پی پی سے گفتگو

99

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاشی اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوںگے جبکہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کے اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاروںکا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ ملک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے ولی عہد کے دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے جس سے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری آئے گی۔ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا اور نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کا ہمیشہ سے یہ مو¿قف رہا ہے کہ افغانستان کے تنازعہ کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمہ اور خطے کے امن کے لئے پاکستان نے مو¿ثر اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔