پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا مسلم لیگ (ن) کی ترجمان کے بیان پر ردعمل

216

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مالیاتی معاملات کی پڑتال اے ریٹڈ آڈٹ فرم باقاعدگی سے کرتی ہے، الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمہ ”مسترد شدہ کرداروں“ کی ملی بھگت کا شاخسانہ ہے، نیب سے سپریم کورٹ تک ہر فورم سے بددیانتی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کو سب اپنے جیسے نظر آتے ہیں، ایک نہیں اس قسم کے درجنوں مقدمات بھی قائم کر لیں نواز شریف کے سینے سے ”بددیانتی“ کا تمغہ نہیں ہٹا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں کیا۔ احمد جواد نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف نام نہاد ”ممنوعہ فنڈنگ“ کا کیس کیا ہے، مریم بی بی کے بیان سے سب ظاہر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہنچی وہیں پر خاک جہاں کا خمیر تھا، اکبرایس بابر کو مسلم لیگ (ن) کی سیاسی حمایت مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیب سے سپریم کورٹ تک ہر فورم سے بددیانتی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں کو سب اپنے جیسے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت مقدمہ ”مسترد شدہ کرداروں“ کی ملی بھگت کا شاخسانہ ہے۔ احمد جواد نے کہا کہ ایک نہیں اس قسم کے درجنوں مقدمات بھی قائم کر لیں نواز شریف کے سینے سے ”بددیانتی“ کا تمغہ نہیں ہٹا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں قائم مقدمہ سے اب تک شرمندگی کے علاوہ کچھ برآمد نہیں ہوا۔