پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک میں لاکھوں خاندانوں کو غربت کے چکر سے نکالنے کے لیے خواتین کی با اختیاری انتہائی ضروری ہے، ملک غلام رضا ربانی کھر

109
بین الاقوامی نمائش انٹرسیک دبئی میں شرکت کےلئے بدھ تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں،ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی

اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):وزیر اعطم کے معاون خصوصی برائے تجارت ملک غلام رضا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں لاکھوں خاندانوں کو غربت کے چکر سے نکالنے کے لیے خواتین کی با اختیاری انتہائی ضروری ہے کیونکہ اگر صرف نصف آبادی کام کرے گی تو ہم بطور قوم نہیں ابھر سکتے،’ ہر ہنر’ نمائش میں خواتین انٹر پرینیورز کی شرکت پاکستانی شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین کے لئے اپنی مصنوعات کومارکیٹ کرنے کا ایک منفرد موقع ہے جس پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور وزارت تجارت کے حکام کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر میں منعقدہ دو روزہ کاروباری خواتین کی با اختیاری کے حوالے سے ‘ہر ہنر’ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت نے نمائش کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ با اختیار خواتین ملکی معاشی ترقی مین اپنا حصہ ڈال کر ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں، شمالی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے گراں قدر ہنر اور فن و دستکاری کی مصنوعات اور تخلیقی فن پاروں کی نمائش کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھادیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے جس سے کاروباری خواتین کو ایک دوسرے کے تجربات اور اپنی مصنوعات کو مارکیٹ کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے نمائش کے انعقاد پر وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی۔ ڈیپ) کی کوششوں کو بھی سراہا۔خواتین انٹر پرنیورز کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر خواتین کو اپنی مصنوعات مارکیٹ کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے اور ‘ہر ہنر’ کے ذریعے کاروباری خواتین کو یہ موقع فراہم کئے جانے کے ساتھ ساتھ خواتین کی ہنر مندی کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے اور عالمی مارکیٹ اور کاروباری مالی مراعات کے حصول کی مہارتوں سے روشناس ہونے کا بھی موقع ملے گا۔

نمائش کے انعقاد پر وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواتین کاروباریوں کے صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت ملک غلام ایم رضا ربانی کھر نے خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ‘ہر ہنر’ شرکا ءکو کاروباری مہارتیں اور عالمی مارکیٹ کے بارے میں انتہائی ضروری معلومات حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو تیز کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواتین کو کاروباری آئیڈیاز ، لیبل، برانڈ یا پروڈکشن ہائوس شروع کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کاروباریوں کی حوصلہ افزائی مثبت ترقی کی رفتار میں بھرپور معاون ثابت ہوگی اور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مقاصد کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں خواتین کاروباریوں کو اپنی خوبصورت اور منفرد مصنوعات کی بین الاقوامی مارکیٹ تلاش کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حقوق ملکیتی دانش کے تحفظ پر اضافی تربیتی نشست بھی ایک قابل ستائش قدم ہے۔ قبل ازیں سیکرٹری ٹی ڈیپ فرید اقبال قریشی نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئیکہا کہ یہ نمائش خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی اور عالمی سطح پر اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لیے خواتین کاروباریوں کی مارکیٹ کے جدید اسلوب سے روشناس ہونے کا بھی موقع ملے گا۔

انہوں نے ہر ہنر کے نام سے کاروباری خواتین کی نمائش کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس اقدام سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نت نئی کاروباری جدید مہارتوں سے مقامی خواتین کو روشناس کرانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کے جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والی کاروباری خواتین کے لیے بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے شمالی علاقوں میں ایسی نمائشوں کا انعقاد کیا جتا رہا ہے تاہم اسلام آباد میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی سرگرمی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے ملک بھر سے آئی ویمن چیمبر آف کامرس کے عہدیدار خواتین اور خواتین کاروباریوں میں سووینئرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ترکمانستان کے سفیر اور ڈپلومیٹک کور کے ڈین جناب عطاجان مولاموف اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی بھی موجود تھے۔ یہ نمائش 5 مارچ اتوار تک جاری رہے گی۔ دو روزہ ایونٹ کے دوران شمالی علاقہ جات، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، وادی کیلاش، چترال، سوات اور راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین کاروباری شخصیات گھریلو سطح پر تیار کردہ اعلی معیار کی منفرد اشیا کی نمائش کررہی ہیں جبکہ فیشن ڈیزائننگ، بیوٹیشن اور سلائی کڑھائی اور دیگر گھریلو دستکاری سے منسلک خواتین نے بھی اپنے روایتی سٹال سجا رکھے ہیں جو جڑواں شہروں سے آئے شہریوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

نمائش میں مارکیٹنگ کی جدید اسلوب اور مہارتوں سے روشناس کرنے کے ساتھساتھ خواتین کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا بھی موقع فراہم کیا گیا ہے۔ نمائش میں روایتی پہناووں کے علاوہ خواتین کے پیک شدہ برانڈز کے روایتی خشک میوہ جات، چمڑے کی مصنوعات ، بین الاقوامی کاروباری معاون اداروں کے بھی سٹال لگائے گئے ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والی دستکاری کی مصنوعات کے علاوہ، ایونٹ کی سائیڈ لائن سرگرمیوں میں لائیو ثقافتی پرفارمنس، سیمینار، بچوں کا میدان اور ایک فوڈ کورٹ شامل ہیں جس میں گلگت بلتستان، چترال، سوات وغیرہ کے روایتی کھانے پیش کیے گئے ہیں۔

یہ تقریب ہر عمر کے افراد کے لئے تفریھ فراہم کرنے کا بھی ذریعہ ہے جس سے ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں یا خواتین کے زیر قیادت کاروبار کی اہمیت کا اجاگر کیا جائے گا۔ یہ نمائش خواتین کاروباریوں کو اپنی صلاحیتوں اور ہنر کو اجاگر کرنے اور پیداواری مسابقتی ماحول میں اپنے کاروبار کی نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ ٹی ڈیپ نے خواتین کے کاروباری اداروں کے لیے اس نمائش کا اہتمام کیا ہے جو زندگی کے تمام شعبوں کی نمائندگی کرتی ہیں تاکہ ان کی کوششوں کو مضبوط اور ان میں اضافہ کیا جا سکے اور انہیں مرکزی دھارے میں لاکر ان کے کاروبار کی حوصلہ افزائیکی جا سکے۔