23.2 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان حلال گوشت کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا چاہتا ہے، اس سلسلے...

پاکستان حلال گوشت کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا چاہتا ہے، اس سلسلے میں ملائیشیا کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان حلال گوشت کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا چاہتا ہے ، اس سلسلے میں ملائیشیا کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلال گوشت کی برآمد سے متعلق اجلاس میں کیا جس میں گوشت کی برآمدات بڑھانے سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا گیا ۔وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال اور وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف حلال گوشت کی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ملائیشیا کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ملائیشیا کے ساتھ گوشت کی برآمدات سے متعلق معاہدہ طے پا جاتا ہے تو 5 سالوں میں 200 ملین ڈالر کی برآمدات ہوں گی اور مجموعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم قائم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں،پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے تجارت، آئی ٹی، توانائی، زراعت، حلال گوشت کی برآمدات سمیت باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو تقویت دے سکتے ہیں، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس موقع سے کس طرح فائدہ اٹھاتے ہیں، ہم اعلیٰ معیار کی مصنوعات کا تبادلہ کر سکتے ہیں، ملائیشیا کو اعلیٰ قسم کا حلال گوشت جلد برآمد کریں گے

- Advertisement -

انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ یاد رہے کہ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران اس بات پر اتفاق پایا گیا تھا کہ پاکستان ملائیشیا کو 20 کروڑ ڈالر مالیت کا حلال گوشت برآمد کرے گا۔واضح رہے کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان ملائیشیا کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ دورہ کے دوران پاکستان-ملائیشیا بزنس کونسل (پی ایم بی سی) اور ملائیشیا-پاکستان بزنس کونسل (ایم پی بی سی) کے درمیان حلال تجارت میں تعاون کے لیے ایم او یو کے تبادلہ پر بھی غور کیا گیا تھا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585404

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں