اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) پاکستان خوردنی تیل درآمد کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال300 ارب روپے کا خوردنی تیل درآمد کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں خوردنی تیل اور تیل دار اجناس کی درآمدات سے منسلک اداروں کی تنظیم پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن ( پی وی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سالانہ 2.6 ملین ٹن خام اور ریفائن خوردنی تیل درآمد کرتا ہے اس کے علاوہ سالانہ 2.2 ملین ٹن تیل دار اجناس بھی درآمد کی جاتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت ملکی ضروریات کا صرف 12 فیصد خوردنی تیل پاکستان خود پیدا کرتا ہے جبکہ خوردنی تیل کی مقامی طلب کو پورا کرنے کےلئے 88 فیصد درآمدات پر انحصار کیا جاتا ہے۔