
کراچی/لاہور۔23فروری (اے پی پی):عالمی کرکٹ میں یونیورس باس کی پہچان کے حامل کرس گیل کورونا وائرس کی عالمی وبا ءکے باوجود پاکستا ن میں کرکٹ کھیلنے آئے ،41سالہ بیٹسمین نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں 24گیندوں پر 39 اور اگلے میچ میں 40گیندوں پر 68رنز کی برق رفتاراننگز کھیلی۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق ”یونیورس باس“ کے نام سے مشہور کرس گیل ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں شرکت کے لیے 15سال بعد پاکستان آئے ہیں،یہ پہلا موقع تھا کہ جب ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر کرس گیل اس طرز کی کرکٹ کھیلنے پاکستان آئے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق کرس گیل نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ عمران خان جیسے عظیم کرکٹر پاکستان کے وزیراعظم ہے ۔
کرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ عالمی وباءکے اس مشکل وقت میں کرکٹ کھیلنے پر بہت خوش ہیں، ان حالات میں کرکٹ کھیلنا خوشی کی بات ہے،وہ پر امید ہیں کہ مستقبل میں حالات مزید بہتر ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے عالمی وباءکے دنوں میں سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام ڈومیسٹک مقابلوں کی میزبانی کی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کرکٹ کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاسکتے ہیں تاکہ اس مشکل وقت میں خوشیاں بانٹی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی کرکٹ کھیلنے کے لیے بے چین ہیں کیونکہ یہ ان کی زندگی ہے اور اسی سے ان کا روزگار بھی وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پندرہ سال بعد پاکستان آنا انہیں بہت اچھا لگا، احتیاطی تدابیر کے باعث ایونٹ کے ابتدائی دو میچز میں عوام کی حاضری محدود رہی مگر پھر بھی انہیں اسٹیڈیم میں تماشائیوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کی وجہ سے کرس گیل جلد وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔