پاکستان زمبابوے کرکٹ سیریز کےلئے میچ آفیشلز کا اعلان

157

لاہور۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور زمبابوے کےخلاف 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کےلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سیریز کےلئے اعلان کردہ امپائرز پینل میں علیم ڈار ، احسن رضا،آصف یعقوب ، راشد ریاض ، شوزب رضا شامل ہیں۔آئی سی سی نے پروفیسر جاوید ملک کوسیریز کےلئے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔ تیس اکتوبر سے دس نومبر تک جاری رہنے والی سیریز کے کل چھ میں سے پانچ میچوں میں علیم ڈار آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دینگے۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز راولپنڈی جبکہ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز لاہور میں کھیلی جائیگی۔ تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز اپنے نام کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار اس وقت آئی سی سی ایلیٹ پینل برائے امپائرز میں شامل ہیں۔ انہیں سیریز میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں سمیت پہلے اور تیسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کےلئے آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں وہ تھرڈ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔