پاکستان سمیت دنیا بھر میں اینٹی کرپشن کا عالمی دن (کل)منایا جائے گا

209
پاکستان سمیت دنیا بھر میں اینٹی کرپشن کا عالمی دن (کل)منایا جائے گا

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن کل( 9 دسمبر کو) منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر سے بدعنوانی کے خاتمہ کے حوالہ سے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور معاشرے پر کرپشن کے برے اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔

پہلا ورلڈ اینٹی کرپشن ڈے 9 دسمبر 2004ء کومیکسیکو میں منایا گیا تھا جس کے بعد ہرسال کرپشن کے خلاف جنگ کے عزم کی ازسرنو تجدید کے ساتھ دنیا بھر میں یہ دن منایا جاتا ہے تاکہ عالمی معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے عزم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کی مکمل روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

بد عنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے سرکاری، غیر سرکاری اور نجی و فلاحی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات ، پروگرامز اور واکس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں پروگرام اور ضمیمے شائع اور نشر کئے جائیں گے ۔