اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں جنگلات کا عالمی دن 21 مارچ کو منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا آغاز 2013ء میں کیا گیا تھا جس کا مقصد کرۂ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لئے جنگلات کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ رواں سال یہ دن ’’جنگلات ، پائیدار پیداوار اور کھپت‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہماری زندگی میں ہر چیز کا بالواسطہ یا بلاواسطہ تعلق جنگلات سے ہے۔ پانی ،دوائیں ، کھانے ، رہائش گاہوں اور ہمیں درکار آکسیجن کا تعلق جنگلات سے ہی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق کسی ملک میں صحت مند ماحول اور مستحکم معیشت کے لیے 25فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے ۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی چند بڑی وجوہات میں صنعتوں کا فضلہ، گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج اور جنگلات کی کٹائی قابل ذکر ہیں ۔ جنگلات کا پائیدار انتظام اور استعمال ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور موجودہ اور آنے والی نسلوں کی خوشحالی اور بہبود کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔شعبہ ماحولیات کے ماہرین کے مطابق موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ہونے والی گرمی اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لئے شجرکاری نہایت ضروری ہے ۔ جنگلات ، ماحولیات کا تحفظ اور جنگلی حیات کی نصاب میں شمولیت ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلیں جنگلات کی اہمیت اور تحفظ کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں۔
جنگلات کے عالمی دن کی مناسبت سے سرکاری، غیر سرکاری ، فلاحی اور نجی اداروں کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبات میں ماحولیات اور جنگلات کے حوالہ سے عوامی شعور اجاگر اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ کرہ ارض کو محفوظ بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575028