اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہفتہ کی رات ارتھ آور منایا گیا۔ اس موقع پر رات ساڑھے آٹھ بجےایک گھنٹے کے لئے لائٹیں آف کی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک میں کوویڈ 19 کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر آن لائن اور ورچوئل سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ارتھ آور کی مناسبت سے پرائم منسٹر آفس کی لائٹس کو ایک گھنٹے کے لیے آف کیا گیا۔ اس کا مقصد کرہ ارض کے قدرتی ماحول کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ روشن مستقبل کے لئے ضروری اقدامات کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔
قدرتی ماحول کے انحطاط اور کوویڈ 19 جیسی وباؤں کے پھوٹنے کے مابین قریبی تعلق کے شواہد کی روشنی میں ارتھ آور کا انعقاد ایسے وقت میں قدرت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جب عالمی رہنماؤں کی جانب سے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف برائے نیچر۔پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان نے اس موقع کی مناسبت سے ایک بیان میں کہا کہ قدرتی ماحول کے انحطاط سے وباؤں کے خطرات، موسمیاتی تبدیلیوں کی رفتار اور فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، اس کا تحفظ ہم سب کی اخلاقی زمہ داری ہے۔