اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):بیگم نصرت بھٹو ائرپورٹ سکھر پر آگ سے نمٹنے کی فل سکیل ہنگامی مشق کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق مشق کا مقصد ہوائی اڈے کے ہنگامی رسپانس پلان کی افادیت کا جائزہ لینا تھا۔ مشق کا ایک مقصد ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تیاری کو جانچنا بھی تھا ۔
ترجمان نے کہا کہ مشق میں فائر فائٹنگ آپریشن کے دوران فائر ٹینڈرز دو منٹ کے اندر پہنچے اور ایک منٹ کے اندر آگ پر قابو پالیا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر سمیع الدین صدیقی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ۔کمشنرسمیع الدین صدیقی نے ہوائی اڈوں پر باقاعدگی سے مشقوں کے انعقاد پر ڈی جی سی اے اے کے اقدام کی بھی تعریف کی۔ تقریب میں ایئرپورٹ کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے سربراہان اور پی اے ایف بیس سکھر کے بیس کمانڈر نے بھی شرکت کی۔