اسلام آباد ۔ 11اپریل (اے پی پی) کورونا وائرس کی وباء اوراس کے نتیجہ میں لاک ڈائون کی وجہ سے جہاں اقتصادی سرگرمیاں سست روی کاشکارہیں دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مجموعی طورپرتیزی کا رحجان غالب رہا ہے۔گزشتہ پیرکوکاروباری ہفتہ کے آغازپر سٹاک ایکسچینج میں مندی کارحجان رہا، کے ایس ای 100 انڈکس میں 1042.64 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے بعدانڈکس 30579.15 پوائنٹس پربندہوا تھا، پہلے روز 23 کروڑِِ،33 لاکھ 29 ہزار238 حصص کالین دین ہوا جس کاحجم 8.711 ارب روپے تھا تاہم منگل کو مارکیٹ میں تیزی کارحجان رہا اور کے ایس ای 100 انڈکس میں 652.40 پوائنٹس کااضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کے حجم میں مجموعی طورپر 2.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ کل 17 کروڑ،27 لاکھ،69 ہزار،586 حصص کالین دین ہوا جن کی مجموعی مالیت 6.751 ارب روپے رہی۔ بدھ کے روز مارکیٹ میں مندی کارحجان رہا اورکے ایس ای 100 انڈکس میں 260.28 پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی ،کاروباری لین دین کے دوران کل 18 کروڑ،81 لاکھ،393 حصص کالین دین ہوا، جس کا کل حجم 5.893 ارب روپے رہا۔ جمعرات کومارکیٹ میں تیزی کارحجان غالب رہا، کے ایس ای 100 انڈکس میں 866 پوائنٹس کااضافہ ہوا جس کے بعدانڈکس 31837.30 پوائنٹس پربندہوا۔ مارکیٹ میں 21 کروڑ،65 لاکھ،13 ہزار232 حصص کالین دین ہوا جس کی کل مالیت 8.547 ارب روپے تھی۔کل 352 کمپنیوں کے حصص کے سودے ہوئے، 276 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 57 میں کمی اور19 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیںہوا ۔کاروباری ہفتہ کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کارحجان برقراررہا،اکے ایس ای 100 انڈکس میں 195.91 پوائنٹس کااضافہ ہوا اورانڈکس 320033.21 پوائنٹس پربندہوا۔کاروباری سرگرمیوںکے دوران 12 کروڑ،70 لاکھ،65 ہزار،527 حصص کا لین دین ہوا جن کی مالیت 5.024 ارب روپے تھی۔مجموعی طورپر328 کمپنیوں کے حصص کی خریدوفروخت ہوئی،192 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،118 میں کمی اور18 کمپنیوں کے حصص میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔