پاکستان سٹاک ایکسچینج کا نئے مالی سال پر شاندار آغاز، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2400 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

55
Pakistan Stock Exchange
Pakistan Stock Exchange

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 2025-26 کے شاندار آغاز کیا ہے، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2404 پوائنٹس کا زبردست اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1,28,031 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ یہ اضافہ 1.87 فیصد بڑھوتری کو ظاہر کرتا ہے، جو سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان اور مارکیٹ پر اعتماد کا مظہر ہے۔اس تیزی میں مختلف کلیدی شعبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری دیکھنے میں آئی، جن میں آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکنگ، تیل و گیس کی تلاش، اور بجلی پیدا کرنے والے ادارے نمایاں رہے۔

اہم کمپنیوں میں حبکو، ماری پیٹرولیم، پی آر ایل، پی او ایل، ایم سی بی، میزان بینک اور نیشنل بینک کی اسٹاکس نے بھرپور ٹریڈنگ ریکارڈ کی۔یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل، پیر کو مالی سال 2024-25 کے اختتام پر بھی مارکیٹ نے زبردست تیزی کے ساتھ دن کا اختتام کیا۔ پیر کو کے ایس ای-100 انڈیکس میں 1248.25 پوائنٹس یعنی 1 فیصد کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1,25,627.31 پوائنٹس پر بند ہوا، جو مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں حالیہ تیزی کی بڑی وجوہات میں ملکی معیشت میں بتدریج استحکام، وفاقی بجٹ میں متوازن مالی پالیسیوں، اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے متوقع تعاون شامل ہیں۔ ان مثبت عوامل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیا ہے، اور ادارہ جاتی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس مضبوط آغاز نے نہ صرف مارکیٹ کو نئی بلندیوں پر پہنچایا بلکہ یہ عندیہ بھی دیا ہے کہ اگر موجودہ معاشی رجحانات برقرار رہے، تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج آئندہ دنوں میں بھی سرمایہ کاروں کے لیے پُرکشش مواقع فراہم کرتی رہے گی۔