پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی میں مسلسل پانچ ہفتے سے اضافہ

132
Stock market
Stock market

اسلام آباد ۔ 27جولائی (اے پی پی) پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی کارکردگی میں مسلسل پانچ ہفتہ سے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کے اختتام پر پی ایس ایکس انڈکس 276 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 37 ہزار 608 پوائنٹس پر بند ہواہے۔ دیا مر بھاشاڈیم اور نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے باعث سرمایہ کار سیمنٹ تیارکرنے والی صنعتوں کے حصص کی خرید میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019-20ءکے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 88 فیصد اضافہ سے 2.56 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ مالی سال 2018-19 ءکے دوران پاکستان میں 1.36 ارب ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی تھی۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ جبکہ ملک میں کوروناوائرس کے نئے کیسز اور اموات میں کمی کی اطلاعات سے بھی سرمایہ کارون کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پی ایس ایکس میں مثبت رجحان رہا ہے۔ پی ایس ایکس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران کمرشل بینکس کے حصص کی فروخت میں 253 پوائنٹس جبکہ پاور جنریشن اور ڈسٹری بیوشن میں 76، آٹوموبائل اسمبلرز 31، ٹیکسٹائل 28 اور ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے حصص کی فروخت میں 17 پوائنٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔