اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز میں سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں، انڈسٹریز کی ترقی کیلئے حکومت تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے، پاکستان میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے بھی وسیع مواقع موجود ہیں، سٹیل ملز کی بحالی سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو خاطرخواہ فروغ ملے گا، پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور معاشی شرح نمو کے فروغ ذریعے روزگار کی فراہمی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
جمعرات کو یہاں وزارت نجکاری میں وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو کی زیر صدارت پاکستان اسٹیل ملز کارپوریشن کے حوالہ سے پری کوالیفائیڈ بڈرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیئرمین نجکاری سلیم احمد، سیکرٹری نجکاری سمیت اعلی افسران نے بھی شرکت کی جبکہ میٹنگ میں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے چار پری کوالیفائیڈ بڈرز اور فنانشل ایڈوائزرز بھی شریک ہوئے۔پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے چین کی چار کمپنیاں پری کوالیفائیڈ مرحلے تک پہنچی ہیں۔ پری کوالیفائیڈ کمپنیوں کو سٹیل کے میدان میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
وزیر نجکاری اور چیئرمین پرائیویٹائزیشن سلیم احمد نے سرمایہ کاروں کے مختلف سوالات کے تسلی بخش جواب دیئے۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کی جانب سے وزارت نجکاری کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کارپوریشن کی بحالی میں سرمایہ کار گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کی ترقی کیلئے حکومت تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ عابد حسین بھایو نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے بھی سرمایہ کاری کے پرکشش اور وسیع مواقع ہیں۔ وزیر نجکاری نے کہا کہ سٹیل ملز کی بحالی سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو خاطر خواہ فروغ ملے گا۔
چیئرمین پرائیویٹائزیشن کمیشن نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی سے انفراسٹرکچر کی بہتری اور معاشی شرح نمو روزگار میں اضافے کا سبب بنے گی۔ قبل ازیں پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالہ سے ایک مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو اور وفاقی وزیر صنعت سید مرتضٰی محمود کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا جس میں چیئرمین نجکاری کمیشن سلیم احمد، وفاقی سیکرٹری نجکاری، سی ای او پاکستان اسٹیل ملز سمیت دیگر اعلی افسران بھی شریک ہوئے۔
پاکستان اسٹیل ملز کارپوریشن کے بحالی اجلاس کے دوران وفاقی وزراء کو پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے معاملات کو جلد از جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نجکاری عابد حسین بھایو نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز ملکی انڈسٹری کا اہم یونٹ ہے۔ وزیر نجکاری نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی شعبہ کی بحالی کیلئے سرمایہ کاروں کو بہترین معاونت فراہم کر رہی ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر صنعت سید مرتضی محمود نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر آگے بڑھیں گے۔