23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے...

پاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دے دی

- Advertisement -

راولپنڈی۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار بیٹنگ اور زبردست باؤلنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 80 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے، سعود شکیل نے 59 اور فن ایلن نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، بڑے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 16ویں اوور میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، صائم ایوب 50 رنز بنا کر نمایاں رہے، ابرار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو مقررہ 20 اوورز میں 217 رنز کا ہدف دیا۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن گلیڈی ایٹرز کے بیٹرز نے اس فیصلے کو غلط ثابت کر دیا۔ کوئٹہ کی جانب سے کپتان سعود شکیل نے 42 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے دھواں دار آغاز فراہم کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 53 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ حسن نواز نے 41 اور رائلی روسو نے 21 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلیں۔ آخر میں کوشل مینڈس نے 14 گیندوں پر 35 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 216 تک پہنچا دیا۔

- Advertisement -

زلمی کی جانب سے علی رضا، الزاری جوزف اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی کی ٹیم 217 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں 15.1 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ زلمی کی جانب سے ابتدائی بیٹر صائم ایوب نے بہترین نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 50 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کا شکار بنے۔ حسین طلعت نے 35 اور مچل اووین نے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

دیگر بیٹرز لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے۔ محمد حارث 13، صفیان مقیم ایک جبکہ ٹام کولہر کیڈمور، میکس برائنٹ، الزاری جوزف اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ گلیڈی ایٹرز کے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر اور عثمان طارق نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کی شکست کا بڑا سبب بیٹنگ لائن کی ناکامی اور مسلسل وکٹوں کا گرنا رہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581066

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں