لاہور ۔ یکم فروری (اے پی پی ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا پہلا میچ دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا 2016ءاور 2018ءمیں ہونے والا ایونٹ جیتا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی ٹیم کو مزید مضبوط کرنے کےلئے انگلینڈ کے آئن بیل اور ویلشمن فل سالٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ دونوں پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلیں گے تاہم اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کو مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی انہیں پلیئرز ڈرافٹ میں پشاور زلمی نے منتخب کرلیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ماضی کے دو ایونٹ میں کامیابی کی اہم وجہ ان کی مضبوط باﺅلنگ تھی جس میں آئی سی سی کی ٹی ٹونٹی کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود باﺅلر شاداب خان اور فہیم اشرف ان کے باﺅلنگ سکواڈ کا اہم ہتھیار ہیں جبکہ رمان رئیس، محمد سمیع اور ظفر گوہر ان کی سپورٹ کےلئے موجود ہیں۔