شارجہ ۔ 22 فروری (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن میں (آج) ہفتہ کو دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔ لیگ میں (آج) ہفتہ کو دو میچوں کے فیصلے ہونگے اس سلسلے میں پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگی جبکہ اسی روز کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ لیگ میں دنیائے کرکٹ کے نامور انٹرنیشنل کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے ایکشن میں ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کےلئے کوشیاں ہے۔ 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزما ہیں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لیگ میں شریک ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلیں گی جن میں سے ٹاپ فور ٹیمیں ناک آﺅٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔