راولپنڈی۔3مارچ (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں کل(پیر کو) واحد میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، میچ شام 7 بجے شروع ہو گا ، پی سی بی کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیر کے روز لیگ کے 20 ویں میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ، اسلام آباد یونائیٹڈ مایہ ناز آل راؤنڈر شاداب خان کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ،
کولن منرو ، ایلیکس ہیلز ، عماد وسیم ، نسیم شاہ اور فہیم اشرف جیسے تجربہ کار کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہیں ، پشاور زلمی کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کریں گے اور انہیں پال والٹر ، رومن پائول ، صائم ایوب ، نوین الحق ، لیوک ووڈ کی خدمات حاصل ہیں ، پشاور زلمی 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے ۔