31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومکھیل کی خبریںپاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن نو روز کے وقفے کے بعد...

پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن نو روز کے وقفے کے بعد کل سے دوبارہ شروع ہوگا

- Advertisement -

راولپنڈی۔16مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کا نواں ایڈیشن نو روز کے وقفے کے بعد ایک بار پھر (کل) بروز ہفتہ سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلے میچ میں بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی کا سامنا آسٹریلوی اسٹار ڈیوڈ وارنر کی کراچی کنگز سے ہو گا۔

اس اہم مرحلے پر تمام نگاہیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں پر مرکوز ہیں۔ پچھلے سال کی رنرز اپ ملتان سلطانز کی ٹیم رواں سال پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز 13 اور 10 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے لیے پلے آف تک رسائی کے لیے اپنے باقی میچز جیتنا لازمی ہو چکا ہے۔

- Advertisement -

اتوار 18 مئی کو دو اہم میچز کھیلے جائیں گے جن میں پہلا میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہو گا جب کہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔ لیگ اسٹیج کا آخری میچ 19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے میں شامل کوالیفائر، ایلیمینیٹر 1 اور 2 اور فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 21 سے 25 مئی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ میں بیٹنگ کے شعبے میں اب تک کے 26 میچز کے بعد محمد رضوان 363 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں اور انہیں حنیف محمد کیپ حاصل ہے۔

صاحبزادہ فرحان 321 رنز کے ساتھ دوسرے اور فخر زمان 309 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ باؤلنگ میں محمد عباس آفریدی اور جیسن ہولڈر نے 8 میچز میں 15، 15 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ فضل محمود کیپ کے حق دار قرار پائے ہیں۔ ابرار احمد اور حسن علی 14، 14 وکٹوں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ وکٹ کیپنگ میں پشاور زلمی کے محمد حارث 10 کیچز اور اسٹمپنگ کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ کوئٹہ کے رائیلی روسو نے 11 کیچز لے کر فیلڈنگ میں سبقت حاصل کی ہے۔

پی سی بی کے مطابق 8، 9 اور 10 مئی کے لیے خریدے گئے ٹکٹ بالترتیب 17، 18 اور 19 مئی کے میچز میں قابل استعمال ہوں گے۔ 18 مئی کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر ہونے کے باعث 9 مئی کا جاری شدہ ٹکٹ دونوں میچز کے لیے کارآمد ہو گا۔ دن کا پہلا میچ 3:30 بجے جبکہ دوسرا میچ 8:00 بجے شروع ہو گا۔ دیگر تمام شام کے میچز کا آغاز رات 7:30 بجے ہو گا۔ جن شائقین نے ایلیمنیٹر 1، 2 اور فائنل کے ٹکٹ خریدے ہیں وہ متعلقہ میچوں کی نئی اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق انہیں استعمال کر سکتے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597966

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں