راولپنڈی۔7مئی (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 26 ویں میچ میں بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک جذباتی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے آغاز سے قبل حالیہ بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
یہ منظر اس وقت مزید پراثر ہو گیا جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑی، کوچز، میچ آفیشلز، سیکیورٹی اہلکار اور ہزاروں تماشائی ایک ساتھ خاموش کھڑے ہو گئے۔ اس دوران اسٹیڈیم میں ایک گہرا سکوت طاری رہا جس نے شہداء کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور احترام کے جذبے کو مزید اجاگر کیا۔ ایک منٹ کی خاموشی کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا جس نے پورے اسٹیڈیم کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔
تماشائیوں نے کھڑے ہو کر ترانے کا احترام کیا اور فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ پی سی بی کی جانب سے اس خاموشی کا مقصد ان شہداء کو یاد کرنا تھا جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594167