راولپنڈی ۔11اپریل (اے پی پی):پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ شائقین سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد فلائنگ سپر ہیرو نے اسٹیڈیم میں چکر لگایا اور پی ایس ایل ٹرافی سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کے سپرد کی جنہوں نے اس کو اسٹیج پر سجایا۔
افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض نامور پریذینٹر زینب عباس نے انجام دیئے۔ اس موقع معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے پاکستان سپر لیگ کے دس سالہ سفر پر روشنی ڈالی جس کے بعد سروں کی ملکہ عابدہ پروین نے صوفیانہ کلام پیش کیا، ان کی پرفامنس کے دوران صوفی ازم کی عکاسی کی گئی۔ بعد ازاں میوزیکل بینڈ ینگ اسٹنرز نے پرفارم کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔ طلحہٰ انجم اور گلوکارہ نتاشا بیگ نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔
ینگ اسٹنرز کی پرفارمنس کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار علی ظفر کی جیپ میں اسٹیج پر آمد ہوئی۔ علی ظفر نے علاقائی زبانوں میں گیت پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ان کی پرفارمنس کے دوران شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پی ایس ایل 10 کا آفیشل سانگ بھی پیش کیا جس میں علی ظفر، ابرار الحق، نتاشہ بیگ اور ینگ اسٹنرز نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا۔ افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580890