پاکستان سپر لیگ کے میڈیا حقوق میں غیرمعمولی اضافہ ، اے آر وائی نے سب سے زیادہ بولی جمع کرائی

130
Pakistan Cricket Board
Pakistan Cricket Board

کراچی۔ 10 جنوری (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ( پی ایس ایل) کے میڈیا حقوق میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پاکستا ن کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بدھ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے لئے ایک تاریخی دن تھا جب اس کی لائیو سٹریمنگ اور براڈکاسٹ حقوق میں 2024اور 2025ء کے ایڈیشنز کے لئے بالترتیب 113اور 45فیصد اضافہ دیکھا گیا۔اے آر وائی کمیونیکیشنز(پرائیویٹ لمیٹڈ ) نے پاکستان میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2024 ء اور 2025 ء کو نشر کرنے کے لیے عوامی ٹینڈر کے عمل کے تحت سب سے زیادہ بولی جمع کرائی جس میں گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں 45 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

پاکستان ریجن کو 2024-2025 ء کے لئے پی ایس ایل ٹی وی براڈکاسٹ میڈیا کے حقوق دینے کے لئے شفاف اور میرٹ پر مبنی ٹینڈر کا عمل رہا۔انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپور یشن (آئی ایم سی ۔ پیرنٹ کمپنی آف جیو انٹرٹینمنٹ)اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیوٹ لمیٹڈ (اے آر وائی) پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن لمیٹڈ اور ٹاور اسپورٹس(ٹین اسپورٹس)کی جانب سے بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

دریں اثنا ولی ٹیکنالوجیز نے پاکستان میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2024اور 2025کو لائیو سٹریم کرنے کے لیے عوامی ٹینڈر کے عمل کے تحت، سب سے زیادہ بولی جمع کرائی، جس میں گزشتہ دو سالوں کی قدر سے 113فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔پی سی بی کو پانچ پارٹیز کی جانب سے بولیاں موصول ہوئیں جن میں کنسورشیم آف اے آر وائی کمیونیکیشنز(اے آر وائی، مائکو، دراز اور تماشا)ولی ٹیکنالوجیز ٹرانس گروپ ایف زیڈ ای ۔ انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ(دی پیرنٹ کمپنی آف جیو انٹرٹینمنٹ)اور ٹاور اسپورٹس(ٹین اسپورٹس)شامل ہیں۔

پی سی بی کی بڈ کمیٹی نے اے آر وائی اور ولی ٹیکنالوجیز کی جانب سے جمع کرائی گئی سب سے زیادہ بولیوں کی منظوری کے لیے مجاز اتھارٹی کو سفارش کی ہے۔چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ میں اس تاریخی لمحے پر اے آر وائی، ولی ٹیکنالوجیز، پاکستان کرکٹ بورڈ، اس کی انتظامی کمیٹی اور فرنچائزز کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بہت بڑا برانڈ ہے اور اس کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔ یہ ایک بے مثال لمحہ ہے کیونکہ ان دونوں حقوق کی قیمتیں بے مثال ہیں۔ یہ اس برانڈ کی ترقی کا ثبوت ہے اور ہم سب ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان اقبال نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اے آر وائی ایک بار پھر سب سے زیادہ بولی کے طور پر سامنے آیا ہے اور شائقین اے سپورٹس کے توسط سے اگلے دو سیزن پی ایس ایل کے میچوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ہمیں خوشی ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں ۔ولی ٹیکنالوجیز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر احسن طاہر کا کہنا ہے کہ ان کے لیے پی ایس ایل کی لائیو سٹریمنگ کے حقوق حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے ۔