پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز ، آتش بازی کا مظاہرہ ، فنکاروں کی بھرپور پرفارمنس

73

دبئی ۔ 14 فروری (اے پی پی) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا شاندار اور رنگا رنگ افتتاح کردیا گیا۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جنون گروپ اور فواد خان سمیت دیگر فنکاروں نے پرفارم کیا۔جنون گروپ نے اپنا مشہور زمانہ ’اے جذبہ جنون‘ گا کر شائقین کے دلوں کو گرمایا اور خوب داد وصول کی۔فواد خان نے پی ایس ایل کا تھیم سانگ ’چل جوش دکھا دے تو‘ گایا جبکہ آئمہ بیگ نے بھی اسٹیج پر پرفارم کیا۔ متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یو اے ای کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو یو ای اے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ایونت منعقد کرانے پر یو اے ای حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ دنیا کی بڑی لیگ ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جیت کے لیے نیک تمناوں کا اظہار بھی کیا۔