پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے

115
شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپیٹیشن 2025 کا پہلا ایڈیشن شروع ہو گیا

سیالکوٹ۔27اگست (اے پی پی):پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای اے)اور سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن (سیماپ) کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کی یہ تقریب پی ایس جی ایم ای اے آڈیٹوریم سیالکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں پی ایس جی ایم ای اے کے چیئرمین ارشد لطیف بٹ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس جی ایم ای اے اور سیماپ دونوں ایسوسی ایشنز کے متعلقہ شعبوں میں تجارت اور صنعت کو فروغ دینے کے لیے پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچرر اینڈ ایکسپورٹر ایسوسی ایشن اورسیماپ کے درمیان تعاون کو آسان بنانے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان باہمی طور پر اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس جی ایم ای اے اور سیماپ دونوں اسی طرح غیر ملکی وفود کی تجارت، صنعت اور برآمدات پر مبنی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے انٹر ایسوسی ایشن ڈائیلاگ کو بہتر بنائیں گے۔انہوں نے مذید بتایا کہ دونوں ایسوسی ایشنز انسانی وسائل کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں تعاون کریں گے تاکہ متعلقہ علاقوں میں اکیڈمی لنکیج کی ضروریات کے درمیان مضبوط رشتہ استوار کیا جا سکے اور دونوں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کے لیے اپنے اپنے اراکین کے دوروں کے تبادلے کا اہتمام کریں گے۔

چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ دو طرفہ مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایک دوسرے کو سپورت کرنا اور ایک دوسرے کے تجربات اور تکنیکی مہارتوں سے مستفید ہو کر ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم گزشتہ ایک سال سے ملکر آگے بڑھنے کے لیے بات چیت کر رہے تھے جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی اور ہم پرعزم ہیں کہ پی ایس جی ایم ای اے اور سیماپ کے درمیان ہونے والی اس مفاہمتی یادداشت کے نہ صرف سیالکوٹ کی صنعت بلکہ پورے ملک پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور سرجیکل ایسوسی ایشن ملکر ملکی برآمدات کے اضافے میں اپناکردار ادا کریں گے۔