اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے،چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی جس کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نےیہاں ان سے ملاقات کی
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ اور چین کے وزیر اعظم لی کیانگ کےلئے نیک خواہشات اور آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنے دورہ چین کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت کا ذکربھی کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، گہری اور آہنی’’آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک کے جاری منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اہم منصوبوں بشمول کے کے ایچ ،ایم ایل۔ ون اور گوادر پورٹ کو آپریشنل کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت، صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لئے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے دوست ملک چین کی تعریف کی جس سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی اور اس کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لئے اہم ہے۔ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کےلئےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگست 2025 کے آخر میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئےتیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔