پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنا دوسرا میچ 17 جولائی کو متحدہ عرب امارات اے کے خلاف کھیلے گی

167
پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنا دوسرا میچ پیر کو متحدہ عرب امارات اے کے خلاف کھیلے گی

کولمبو۔15جولائی (اے پی پی):پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنا دوسرا میچ  17 جولائی ( پیر کو )متحدہ عرب امارات اے کے خلاف کھیلے گی، یہ میچ پی سارہ اوول ، کولمبو میں کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم محمد حارث کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، پاکستان شاہینز اپنے پہلے میچ میں نیپال کو 4 وکٹوں سے ہرا چکی ہے ۔

سری لنکا میں جاری 50 اوورز فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپ میں رکھا گیا ہے، گروپ اے میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے اور عمان اے جبکہ پاکستان شاہینز، بھارت اے، نیپال اور متحدہ عرب امارات اے کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔

قومی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ 19 جولائی کو روایتی حریف بھارت اے کے خلاف کھیلے گی ، ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 21 جولائی جبکہ فائنل 23 جولائی کو کھیلا جائے گا ۔