پاکستان طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے معاملے پر کسی ملک کے دبائو میں نہیں آئے گا، ہم ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم

53
پاکستان کا جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کم کرنے کے لئے بات چیت پر زور

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے کسی بھی ملک کے دبائو میں نہیں آئے گا، ہم ملک کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔

بدھ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ افغانستان میں امن ہو اور وہاں ایسی حکومت قائم ہو جو امن لا سکے، افغانستان میں امن لانے کیلئے تمام افغان قوتوں کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن و استحکام سب کے حق میں ہے اور اس حوالے سے امریکہ سمیت تمام ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار جاری رکھیں۔

منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کی افغان معاملے پر پوزیشن واضح ہے اور ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر تمام فیصلے کئے جا رہے ہیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان افغانستان میں امن کے قیام اور دہشتگردی کو روکنے کیلئے بات چیت جاری ہے اور ہمارے درمیان جو بھی اتفاق رائے ہو گا اس کو فروغ دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیز نے طالبان حکومت کے ساتھ مذاکرات کئے ہیں، چاہے کوئی ملک افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم کرے یا نہ کرے اقوام متحدہ انسانی امداد پہنچائے گا اور پاکستان بھی اسے ہر طرح سے مدد فراہم کر رہا ہے۔