پاکستان عراق کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے,شاہ محمود قریشی

79

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔یہ بات انہوں نے عراقی وزیر دفاع جمعہ عناد سعدون الجبوری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ان سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین گہرے دو طرفہ برادرانہ مراسم ہیں۔پاکستان، عراق کی علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور عراق کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان، ترقیاتی، دفاعی و باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماوں نے خطہ میں سکیورٹی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عراق کے وزیر دفاع نے خطہ میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔