28.1 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان علما کونسل کا غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی...

پاکستان علما کونسل کا غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم،فوری عمل درآمد کروایا جائے ،قائدین کا مطالبہ

- Advertisement -

لاہور۔26مارچ (اے پی پی):پاکستان علما کونسل نے غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے جو دوسری جنگ عظیم سے بھی زیادہ وحشیانہ ہے،اس بربریت کو روکنے کیلئے فوری طور پر سلامتی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد کرایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی و دیگر نے منگل کے روز یہاں اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ قائدین نے کہا کہ سلامتی کونسل میں قرار داد کی منظوری انصاف پسند ممالک کی بڑی فتح ہے۔ پاکستان اور اہل پاکستان فلسطین کو محفوظ اور خود مختار ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔

مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کیلئے ریاست پاکستان اور عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین روئے زمین کا مظلوم ترین خطہ بنا ہوا ہے جہاں سات اکتوبر سے اب تک تیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے ، جن میں بیس ہزار سے زائد بچے اور خواتین ہیں۔ غزہ میں انسانیت تڑپ رہی ہے۔ اسرائیل کا ظلم حد سے بڑھ چکا ہے اور اس نے تمام اخلاقی قدریں پامال کردی ہیں۔ایسے حالات میں اسرائیل کے خلاف قرار داد کا پاس ہونا اہل فلسطین اور امت مسلمہ کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قرارداد غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ مہم کو روکنے کے لیے پہلا قدم ہے،اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان ، سعودی عرب ، ترکیہ، قطر اور امت مسلمہ کی دینی جماعتیں ، علما و شیوخ فلسطین کو محفوظ اور خود مختار ریاست بنانے کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم مسئلہ فلسطین کا منصفانہ، جامع اور پائیدار حل چاہتے ہیں ۔ ماہ مقدس میں بھی فلسطینی فضا اسرائیلی حملوں اور انسانی چیخوں سے گونج رہی ہے، غزہ میں بھوک، افلاس کا راج، خوراک ناپید، پانی بند، لاشوں کو دفنانے کے لئے جگہ ختم، ہر طرف بکھری لاشیں عالمی امن کے دعویداروں کا منہ چڑا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کو دہشت گردی، سفاکیت اور ظلم سے روکنے میں سلامتی کونسل کی قرار داد معاون ثابت ہوگی ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پر فوری عملدرآمد کرایا جائے ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں