پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

73

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں میں ضمنی انتخاب کا نتیجہ ووٹ کے تقدس کی مثال اور ان کے خلاف مقدمات کا عوامی ردعمل ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف دائر مقدمات پاکستان کے عوام لڑ رہے ہیں۔ وہ ان جھوٹے مقدمات پر اپنے رد عمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بعض عناصر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں کسی نہ کسی طرح سے سزا ہوجائے بصورت دیگر ان کی تمام کوششیں بے کار جائیں گی۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ ان سے انتقام لیا جا رہا ہے لیکن وہ خوفزدہ نہیں ہوں گے اور ان مقدمات کا سامنا کریں گے۔محمد نواز شریف نے کہا کہ جنہوں نے دو بار ججوں کو گرفتار کیا اور آئین کی خلاف ورزی کی ان کے خلاف کوئی کاررائی نہیں کی گئی۔محمد نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ، ملکی معیشت کو مستحکم کیا، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن ان کے ساتھ مجرم کا سا سلوک کیا جا رہا ہے۔