پاکستان مضبوط تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی تاجکستان کے صدرسے ملاقات میں گفتگو

73

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان مضبوط تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر تاجکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے تجارتی حکام اور کاروباری برادریوں کو تعاون کرنے اورفلیگ شپ کاسا 1000 ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی جلد تکمیل ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات میں کہی۔

صدرنے کہاکہ پاکستان مضبوط تاریخی ، مذہبی اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر وسط ایشائی ملک تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور تاجکستان کے مابین تجارت ، معیشت ، ثقافت ، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کی خاطر خواہ صلاحیت ہے ۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کا فوکس جغرافیائی سیاست سے جغرافیائی اقتصادیات میں بدل گیا ہے ، دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے تجارتی حکام اور کاروباری برادریوں کو تعاون کرنے کی ضرورت ہے،۔انہوں نے کہاکہ فلیگ شپ کاسا 1000 ٹرانسمیشن لائن منصوبے کی جلد تکمیل ازحد ضروری ہے۔

صدرمملکت نے کہاکہ وسطی ایشیا پاکستان کے لئے علاقائی روابط اور معاشی انضمام کے لئے خصوصی توجہ کا حامل ہے۔صدرنے سیاسی مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا ۔انہوں نے پاکستان اورتاجکستان کے درمیان مشترکہ اعلامیہ اپنا نے اور متعدد معاہدوں اوریادداشتوں پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا ۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین تجارت ، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔ دونوں ممالک کے مابین روابط کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، بہتر روابط سے دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

تاجک صد ر امام علی رحمٰن نے صدر عارف علوی کو دورہ تاجکستان کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق فریقین نے افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے مربوط کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اورقراردیاکہ مستحکم اور پرامن افغانستان دونوں ممالک کے مابین توانائی اور معاشی منصوبوں کی تکمیل کے لئے ناگزیر ہے ۔