اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وفاقی وزیرِ ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
وزارت ہوا بازی سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر محمد اظہر مذلان سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانےپر بھی غور کیا۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے ۔ ملائیشیا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں۔