لاہور۔20جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان مہاجرین کی فلاح کیلئے ہمیشہ آواز بلند کرتا رہے گا،پناہ مانگنے والا کمزور نہیں مظلوم ہوتا ہے، مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں، یہ ایک کربناک مجبوری ہے۔
جمعہ کو مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کوئی شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا، زندگی بچانے کیلئے اپنا آنگن، اپنی مٹی اور اپنی چھت چھوڑنا پڑتی ہے،دنیا کو ادراک ہونا چاہیے کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جنگیں ختم ہو جاتی ہیں مگر مہاجرین کی بے گھری کئی نسلوں تک رہ جاتی ہے،پاکستان نے اپنے محدود وسائل کے باوجود فراخ دلی اور احساس انسانیت رکھتے ہوئے لاکھوں مہاجرین کی با عزت طریقے سے میزبانی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین و شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کیلئے ایک کڑا امتحان ہیں، پاکستان ہمیشہ مظلوموں کی حمایت جاری رکھے گا اورمہاجرین کی فلاح کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، دعا ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ اور ہر انسان کو سکون نصیب ہو۔