پاکستان میں 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جائیگا ،ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری

108
میں نے اپنے سامنے آنے والی چیزوں کو دیکھ کر رولنگ دی تھی، میں محب وطن پاکستانی ہوں، میں نے کوئی آئین نہیں توڑا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری

کوئٹہ۔26اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بھارت نے آرٹیکل 370 ختم کرکے مقبوضہ کشمیر کی خود ارادیت پر حملہ کیا جس کو دو سال پورے ہورہے ہیں انڈیا کا ظلم و جبر کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتا پاکستان میں 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جائیگا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کرکے کشمیر میں سنگین قسم کی انسانی حقوق کی پامالی میں ملوث بھارت کا مسخ و مکروہ چہرہ دنیا پر آشکار کیا ہے غیور اور بہادر کشمیری بھارتی جبر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں پاکستان ہر لمحے مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ اور حق خودارادیت کا حامی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 2019 کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں کو مقامی آئین و قانون کے تحت حاصل خصوصی "نیم خود مختاری”ختم کر دی تھی دنیاوی تاریخ کا یہ سیاہ اقدام کشمیری عوام کی حق خود ارادیت پر بلا شبہ ایک حملہ تھا جس کو دو سال پورے ہورہے ہیں۔

اس موقع پر 27 اکتوبر کو پورے پاکستان میں بھی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ منایا جائیگا اور بھارتی ظلم و بربریت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائیگا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل جبر، گھروں کے محاصرے ، گرفتاریوں ،شہادتوں اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کے باوجود کشمیری باشندے پر عزم دکھائی دیتے ہیں، وہ اپنے شہدائ کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں اسی طرح ہر پاکستانی کی ہمدردی اور حمایت بھی کشمیری عوام کے ساتھ ہے اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ پر اس اظہار یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔ یوم استحصال کشمیر ایک یاد دہانی ہے جس سے عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی طرف متوجہ کیا جا رہا ہے ۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کشمیری جماعتوں اور کشمیریوں نے بھارتی فاشسٹ حکومت کی غیر قانونی، غیر آئینی اور یکطرفہ چالوں کو مسترد کردیا ہے جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ‘ہیومن رائٹس کمیشن‘اقوام متحدہ‘جینو سائڈ واچ اور یورپی کمیشن برائے انسانی حقوق نے بھی بھارت کے اقدامات کو غیر قانونی اور ناروا قرار دیا ہے ان زمینی حقائق کے باوجود مصلحت کی شکار عالمی طاقتوں نے کشمیریوں کی حالت زار سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں جو باعث افسوس امر ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی اور اخلاقی طور پر کشمیری عوام کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا ۔