پاکستان میں آئرلینڈ کی سفیر میری اونیل کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دورہ،چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات

101
Chairman HEC Dr. Mukhtar Ahmed
Chairman HEC Dr. Mukhtar Ahmed

اسلام آباد۔9اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں آئرلینڈ کی سفیر میری اونیل نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی۔ آئرش سفیر کے ساتھ ایک وفد بھی تھا جس میں یونیورسٹی کالج ڈبلن، نیشنل یونیورسٹی آف آئرلینڈ اور ڈبلن سٹی یونیورسٹی کے نمائندے شامل تھے۔

ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مسلسل تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا۔پاکستان میں آئرلینڈ کی سفیر او نیل نے چیئرمین ایچ ای سی کو پاکستان میں پہلے آئرش سفارتخانے کے افتتاح کے بارے میں بریفنگ دی اور آئرلینڈ میں پاکستانی کمیونٹی کے تعاون بالخصوص طب اور سماجی خدمات کو سراہا۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے آئرلینڈ کے ساتھ تعلیمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے ایچ ای سی کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں طلبہ کے لئے سکالرشپ کے مواقع پیدا کرنے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں میں تعاون سمیت ماحولیاتی تبدیلی، پانی و خوراک کے تحفظ اور مصنوعی ذہانت کے منصوبوں پر مل کر کام کرنے پر زور دیا گیا۔ آئرش سفیر نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تعلیمی اور سائنسی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون اور لگن پر چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔