اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):جاز کے سی ای او، موبی لنک مائیکروفنانس بینک کے چیئرمین اور ویون گروپ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن عامر ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایس ایم ایز کی ڈیجیٹلائزیشن سے روزگار کے مواقع پانچ گنا بڑھ سکتے ہیں۔جمعہ کو موبائل ورلڈ کانگریس(ایم ڈبلیو سی ) 2025 میں ٹیلی کام کمپنیز ایس ایم ایز کو کے حوالے سے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اب لگژری نہیں بلکہ ایس ایم ایز (چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار) کے لیے ضروری ہے تاکہ وہ آج کی معیشت میں ترقی کر سکیں ۔
انہوں نے پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی امکانات پر روشنی ڈالی، جو روزگار کے مواقع میں پانچ گنا اضافہ کر سکتا ہے۔یہ پینل ڈسکشن یوسف طیاب (ایکسنچر)، ارچنا کھیتان (ایرکسن)، اور جین ہاوس ہیوٹ (گوگل) کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ایس ایم ایز کو بااختیار بنانے میں ٹیلی کام کمپنیز کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ عامر ابراہیم نے پاکستان کی معیشت میں ایس ایم ایز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جی ڈی پی میں 40 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اور غیر زرعی ورک فورس کا 80% روزگار فراہم کرتے ہیں۔
تاہم، صرف 7فیصد ایس ایم ایز کو باضابطہ مالی خدمات تک رسائی حاصل ہے اور 85فیصد اب بھی کیش پر انحصار کرتے ہیں،ہمیں اسے براڈبینڈ، بینکنگ،اور کاروباری حل کے ذریعے ختم کرنا ہوگا،کنیکٹیویٹی ایک سہولت ہونی چاہیے، بوجھ نہیں،ایس ایم ایز کو سستی اور آسان رسائی ملنی چاہیے۔جاز نے ان مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل ایکوسسٹم متعارف کرایا ہے، جس میں ڈیجیٹل مالی خدمات، کلاؤڈ انفراسٹرکچر، اور جدید ڈیٹا اینالیٹکس شامل ہیں۔ عامر ابراہیم نے وضاحت کی کہ اس حکمت عملی کا مقصد نہ صرف ایس ایم ایز کی آمدنی اور منافع کو دوگنا کرنا ہے بلکہ روزگار کے مواقع میں پانچ گنا اضافہ کرنا بھی ہے۔
جاز کی ایس ایم ای حکمت عملی کے مرکز میں جاز کیش اور موبی لنک مائیکروفنانس بینک (ایم ایم بی ایل ) کا مالیاتی نظام شامل ہے۔ 2024 میں، جاز کیش نے پاکستان کے جی ڈی پی کے 9فیصد کے برابر ٹرانزیکشنز کو پروسیس کیا اور 80 ملین ڈیجیٹل قرضوں کے ذریعے 1 ارب ڈالر فراہم کیے۔ اوسطاً 30 ڈالر کے قرض کے ساتھ، جاز کیش ان لوگوں تک پہنچ رہا ہے جنہیں روایتی بینکاری نظام نے نظر انداز کیا ہے۔موبی لنک مائیکروفنانس بینک پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل مائیکروفنانس ادارہ ہے، جس نے 2024 میں ایس ایم ایز کے لیے 92.5 ملین ڈالر کے قرضے جاری کیے اور 535.7 ملین ڈالر کے ڈپازٹس اکٹھے کیے۔
ویون کا حالیہ 15 ملین ڈالر کا سرمایہ کاری اس بات کی علامت ہے کہ وہ مالی شمولیت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ایس ایم ایز کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے جاز کا انٹرپرائز ڈویژن، جاز بزنس، بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے، جو تقریباً 1,500 ایس ایم ای کسٹمرز کو 50 سے زیادہ مصنوعات فراہم کر رہا ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے کلاؤڈ سروس گراج کے ذریعے 32 ڈیٹا سینٹرز کام کر رہے ہیں، جو کاروباروں کو 20% تک افادیت میں بہتری دینے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔جاز کا ڈیٹا اینالیٹکس پلیٹ فارم کوانٹیکا بھی ایس ایم ایز کو بہتر فیصلے کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
جاز کے 72 ملین سبسکرائبرز اور پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا لیک سے مستفید ہو کر، کوانٹیکا ایس ایم ایز کو کاروباری حکمت عملی بہتر بنانے کے لیے ضروری تجزیے فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایس ایم ایز کو پانچ بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں محدود مالی رسائی، مارکیٹ تک محدود رسائی، زیادہ آپریشنل لاگت، کم ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، اور زیادہ مارکیٹنگ اخراجات شامل ہیں، ان رکاوٹوں کو دور کرکے پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر میں 40-60 ارب ڈالر کی برآمدی صلاحیت کو کھولا جا سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق، براڈ بینڈ میں 10فیصد اضافے سے جی ڈی پی میں 1.4فیصد اضافہ ہو سکتا ہے۔ جاز کی براڈ بینڈ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی طرف لے جانے میں مدد دے رہی ہے۔جاز خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباروں اور کمزور طبقے کے لیے بھی کام کر رہا ہے۔ جاز کیش کے ذریعے 140,000 روزانہ کے ڈیجیٹل قرضے دیے جاتے ہیں، جن میں سے 25فیصد براہ راست خواتین کے لیے ہیں۔ مزید یہ کہ 150,000 خواتین فری لانسرز اور کاروباری خواتین جاز کیش پر انحصار کرتی ہیں، اور جاز کا ہدف ہے کہ 2027 تک یہ تعداد دگنی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ٹیکنالوجی کے بارے میں نہیں، بلکہ لاکھوں چھوٹے کاروباروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے بارے میں ہے۔جاز کی یہ حکمت عملی پاکستان میں ایس ایم ایز کی ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ معیشت اور روزگار میں نمایاں اضافہ کرنے میں مدد دے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569876