اسلام آباد ۔ 19 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت بھارت کو فراہم کئے جائیں گے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ کے حاضر سروس آفیسر جو را کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہا تھا کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی اور پاکستان باالخصوص بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی پشت پناہی میں بھارت کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن پاکستان کے بارے میں بھارتی قیادت کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو عالمی سطح پر اٹھائے گا اور دنیا کو ان خلاف ورزیوں کا احساس دلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر انسانی اور جارحانہ اقدامات کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ اقدام نہیں کرے گا لیکن اگر بھارت ایسا کرنا چاہتا ہے تو ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔