پاکستان میں بھی جاپانی طرز پر زلزلہ پروف عمارتی ڈھانچوں کی تعمیر کا فروغ ناگزیر ہے،وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ افتخار علی شلوانی

180

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی جاپانی طرز پر زلزلہ پروف عمارتی ڈھانچوں کی تعمیر کا فروغ ناگزیر ہے،قدرتی آ فات کے نقصانات کو کم کرنے کے لئے بلڈنگ کوڈز کی عملداری کے لئے سخت قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان کے چیف نمائندے یاسومیتسو کینوشیتا سے وزارت ہائوسنگ میں ملاقات کے موقع پر کیا ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورخاص طور پر کم قیمت ہاؤسنگ اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت نامے پر عمل درآمداور مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے ہاؤسنگ پراجیکٹس میں پائیداری کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں تعاون کے لیے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کی۔ افتخار علی شلوانی نے کم آمدنی والے خاندانوں اور کمیونٹیز کے لئے سستی اور پائیدار رہائش کی اہمیت کے ساتھ ساتھ زمین کی دستیابی اور فنانسنگ جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اختراعی طریقوں کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ جاپان زلزلہ پروف ڈھانچے کی تعمیر میں کامیاب رہا ہے اور زلزلو ں کے دوران جانی و مالی نقصان کو روکنے کے لئے سخت بلڈنگ کوڈز اور معیارات پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔

انہوں نے پاکستان میں بھی ایسے ہی اقدامات پر عملدرآمد کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زلزلوں سے ہونے والی تباہی کو کم کرنے کے لئے جدید انجینئرنگ حل ضروری ہیں اور جاپان کو پاکستانی حکومت کے ساتھ ایسی نئی نئی ٹیکنالوجیز اور بلڈنگ کوڈزکی تیاری کے لئے تعاون کرنے کی ضرورت ہے جو قدرتی آفات کی شدت کو برداشت کر سکیں۔یاسومیتسو کنوشیتا نےحکومت کی شہریوں کو سستی رہائش فراہم کرنے کے لئے کوششوں کی تعریف کی۔

انہوں نے جائیکا کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی مختلف شراکتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جن میں نئے ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ منصوبوں کی تعمیر، موجودہ ہاؤسنگ پراجیکٹس کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور مقامی کمیونٹیز کو تکنیکی مدد فراہم کرنا شامل ہے۔