پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے، ملک محمدبوستان و دیگر مقررین کا سیمینار سے خطاب

153

کراچی۔10نومبر (اے پی پی): فاریکس ایسو سی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک محمد بوستان نے کہاہے کہ سعودی عرب اورچین پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہیں، گذشتہ 6 ماہ سے ملک میں سیاسی عدم استحکام معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ شب مقامی ہوٹل میں ’’پاکستان کی شان افواج پاکستان،مضبوط ادارے مضبوط پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں ناصرحیات مگوں،سابق چیئرمین آباد محمدحنیف گوہر، تاجررہنما عتیق میر، سماجی رہنما ظفرپراچہ،حاجی مسعودپاریکھ اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ سمینار میں تاجر،صنعت کار، سول سوسائٹی اوردیگر شعبوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ملک بوستان نے کہاکہ اس وقت پاکستان کا ہر طبقہ جو بھی ملک سے محبت رکھتا ہے ملک کے لئے پریشان ہے۔ آج پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں مگراللہ کا شکر ہے کہ سعودی عرب اور چین نے ہماری بروقت امداد کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچالیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملہ افسوسناک ہے لیکن اس سے قبل بھی سیاسی شخصیات پر حملے ہوتے رہے ہیں لیکن انہوں نے معاملات کو بہتر طور پر کنٹرول کیا۔ملک بوستان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن عوام کے دلوں میں اپنی فوج کے خلاف نفرت ڈال کر بدامنی پھیلا کر ملک کا امن تباہ کر کے عوام اور فوج کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا ایک بڑی معاشی کامیابی ہے۔لانگ مارچ اور سیاسی حالات خراب ہونے کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرمیاں ناصرحیات مگوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔’’آباد ‘‘کے سابق چیئرمین حنیف گوہر نے کہا کہ پاکستان کے استحکام کیلئے ہم سب کا یکجا ہوناضروری ہے۔بھارت کسی طور پر بھی ہماری طرف ناپاک نگاہوں سے دیکھ سکتا ہے کیونکہ ہمارے پاس بہادر فوج موجود ہے، ہماری پاک فضائیہ اور پاک نیوی کی بہادری سے دنیا واقف ہے۔انہوں نے کہاکہ تاہم ہمیں خبر دار رہتے ہوئے ہمیں ملک دشمنوں کے ناپاک ایجنڈے کوناکام بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی کا سیاستدانوں سے مطالبہ ہے کہ اپنے اختلافات ختم کرکے ایک ہوکر ملک کو مضبوط بنائیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سیاستدان ایک میز پر بیٹھ کرمتفقہ لائحہ عمل تیار کریں۔عتیق میر نے کہا کہ عوام فوج سے محبت کرتے ہیں،کوئی بھی دشمن کسی ملک میں افراتفری پھیلائے تو سب سے پہلے عوام میں فوج کے خلاف غلط فہمیاں پید اکرنا پہلا حربہ ہوتاہے۔پاک فوج ہماری شان ہے۔آل پاکستان سی این جی اونرز، ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر فوج سے محبت کرتی ہے۔ایکس چینچ کمپپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفرپراچہ نے کہاکہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہے، فوج ہماری شان ہے۔سیمنار میں شرکا نے افواج پاکستان پر کئے جانے والے پروپیگنڈے کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔\932