اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فوڈ سیکٹر میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات چار گنا بڑھائی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزارت تجارت میں برطانوی ٹریڈ کمشنر اولیور کرسچن سے ملاقات میں کیا ۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں برآمدات کو 30 ارب سے 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زیتون کی کاشت میں نمایاں پیشرفت کر رہا ہے، برآمدات جلد شروع ہوں گی۔ ملاقات میں برطانوی ٹریڈ کمشنر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان برطانیہ کے لئے زرعی مصنوعات کا ایک بڑا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ تجارتی مکالمے کے ذریعے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ضروری ہے، دونوں ممالک کے لئے نئی راہیں کھلیں گی ۔